فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافے سے سگریٹ کی فروخت میں کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں بے تحاشہ اضافہ سے قانونی فروخت میں 50 فیصد کمی آ گئی۔

ڈائریکٹر فنانس فلپ مورس(پاکستان) لمیٹڈ محمد ذیشان کے مطابق موجودہ معاشی حالات میں غیرقانونی تجارت سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان کی روک تھام اشد ضروری ہو چکی ہے، حکومت ٹیکس ادا کرنے والی منظم صنعت کو سازگار ماحول فراہم کر کے معاشی بحران سے نکالنے کی کوششوں کو نتیجہ خیز بنا سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ رواں مالی سال تین مرتبہ ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا، جون اور اگست میں ملا کر 25 فیصد جبکہ فروری میں 150 فیصد اضافہ کیا گیا، اس اضافہ سے سگریٹ پر ایکسائز 200 فیصد تک بڑھ گیا ہے، پہلی سہ ماہی کے اعدادوشمار سے ثابت ہوتا ہے کہ سگریٹ کی قانونی فروخت میں 50 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

آل پاکستان مرکزی یونین پان سگریٹ مشروب ریٹیلرز کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال کردہ ہنگامی خط میں قانونی سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں غیر معمولی اضافہ سے پان سگریٹ ریٹیلرز پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہ کیا گیا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں