حکومت نے یکم اکتوبر کو پٹرول کی قیمت میں کمی کا عندیہ دے دیا
کراچی: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ مہنگائی سے ہر طبقہ متاثر ہے، ڈالر کی قدر کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا، اُمید ہے یکم اکتوبر کو پٹرول کی قیمت میں کمی آجائے گی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ کرنسی کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، کرنسی سمگلنگ روکنے سے ڈالر نیچے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے، برآمدات کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے، برآمدات 5 سال میں 100 ارب ڈالرتک لے جانے کا وژن ہے، انہوں نے کہا کہ فارما سیکٹر کی برآمدات صرف 250 ملین ڈالر ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ بجلی کے بلز میں کمی کے لیے بھی کام کر رہے ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ 17 ڈالر کی گیس خرید کر 4 ڈالر میں دیں، ایس آئی ایف سی میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے بڑی سرمایہ کاری آ رہی ہے، عوام کو ریلیف دینے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔
— Kamran Tessori (@KamranTessoriPk) September 23, 2023
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ تاجروں کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے، ملاقات میں ایکسپوٹرز، امپوٹرز کے مسائل کے حل کے حوالےسے تبادلہ خیال ہوا، مسائل حل کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ڈالر 250 روپے تک آجائے گا، ملک میں سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔