مجتبیٰ خامنہ ای کے پہلے پیغام کے بعد ٹرمپ آگ بگولا، ایران کو شرپسند سلطنت کہہ دیا

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مجتبیٰ خامنہ ای کے پہلے پیغام کے بعد آگ بگولا ہوگئے، ایران کو شرپسند سلطنت کہہ دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا اہم ہے، تہران دنیا کو تباہ کر سکتا ہے اور میں ایسا نہیں ہونے دوں گا، عالمی توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے امریکا کو کافی فائدہ ہوا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا دنیا میں سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک ہے، اس لئے جب تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہم بہت زیادہ پیسہ کماتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ہم اپنے شہدا خصوصاً مناب سکول کے شہدا کا بدلہ لئے بغیر نہیں رہیں گے، دشمن کو ایرانیوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا۔

مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کو بند رکھا جائے گا، دشمن پر دباؤ ڈالنے کیلئے آبنائے ہرمز کو بند رکھنا چاہئے، ایرانی رہنماؤں اورعوام کے درمیان رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا تھا کہ میراعہدہ مجھ سے کئی چیزوں کا تقاضا کر رہا ہے، دشمن ایرانی عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں، عوامی یکجہتی کے ساتھ دشمن کو شکست دیں گے۔

مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ عوام کی حمایت کے بغیر میری کوئی اہمیت نہیں، ایرانی عوام کا اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا، ہمیں اپنے دشمن کوشکست دینی ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا تھا کہ ایرانی فورسز نے دشمن کو حاوی نہیں ہونے دیا، دشمن جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو 10 رمضان کو قرآن پڑھتے ہوئے شہید کیا گیا، مشکل وقت میں ایرانی عوام نے ہمیشہ بہتر فیصلے کئے، ایرانی فورسز نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں