امریکا کا اسرائیل اور لبنان میں براہ راست مذاکرات پر زور
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے اسرائیل اور لبنان میں براہ راست مذاکرات پر زور دے دیا،امریکا نے دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ممکنہ ملاقات کی تجویز پیش کی ہے۔
بیروت میں امریکی سفارت خانے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان ’’براہِ راست رابطہ‘‘ وقت کی اہم ضرورت ہے، جس میں اسرائیلی وزیرِاعظم اور لبنانی صدر کے درمیان ملاقات بھی شامل ہو سکتی ہے۔
بیان کے مطابق اس مجوزہ ملاقات سے لبنان کو اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت، محفوظ سرحدوں، انسانی امداد اور تعمیر نو کے حوالے سے ٹھوس ضمانتیں حاصل کرنے کا موقع مل سکتا ہے، جبکہ لبنانی ریاست کی عملداری کی مکمل بحالی بھی ممکن ہو گی۔
امریکی سفارت خانے نے مزید کہا کہ امریکہ لبنان کے ساتھ کھڑا ہونے کے لئے تیار ہے تاکہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائے اور اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں رہی۔
دوسری جانب عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ صدر جوزف عون نے فی الحال اسرائیلی وزیرِاعظم سے براہِ راست بات چیت کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔