امریکہ میں بغیر وارنٹ نگرانی کے قانون میں عارضی توسیع کی منظوری

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی کانگریس نے غیر ملکی اہداف کی بغیر وارنٹ نگرانی کی اجازت دینے والے قانون میں عارضی توسیع کی منظوری دے دی ہے جبکہ اس کی طویل مدت کی توسیع کے لیے مطلوبہ ووٹ حاصل نہ ہو سکے۔

اس قانون کے تحت امریکی انٹیلی جنس ادارے، جن میں سی آئی اے، نیشنل سکیورٹی ایجنسی اور ایف بی آئی شامل ہیں، غیر ملکی اہداف سے معلومات حاصل کرنے کے لئے بغیر وارنٹ نگرانی جاری رکھ سکیں گے۔

کانگریس کی جانب سے منظور کی گئی یہ عارضی توسیع 12 جون تک مؤثر رہے گی، اسے سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان دونوں میں وسیع حمایت حاصل ہوئی اور اسے اس وقت منظور کیا گیا جب پہلے سے دی گئی مہلت ختم ہونے کے قریب تھی۔

بل کو اب حتمی منظوری کے لئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ارسال کر دیا گیا ہے، سینیٹ کے اکثریتی رہنما جان تھون نے کہا کہ وہ اس معاملے کو مزید مؤخر کرنے کے حامی نہیں تاہم موجودہ صورتحال میں یہی ممکنہ راستہ اختیار کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں