صدر مملکت سے ہائینان کے پارٹی سیکرٹری اور صوبائی گورنر کی ملاقات

سانیا: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے دورہ چین کے دوران ہائینان کے پارٹی سیکرٹری فینگ فئی اور صوبائی گورنر لیو شیاومنگ کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران اقتصادی تعاون اور تجارتی روابط کو وسعت دینے اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت کی گئی، امن، استحکام، مکالمے اور تعاون کےمشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے صوبہ ہائینان کی حکومت کی طرف سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین سدابہار اور تزویراتی شراکت دار ہیں، چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں ملکوں کی دوستی کی جڑیں عوام میں ہیں، پاک چین دوستی کو عوامی اور ادارہ جاتی سطح پر بھرپور حمایت حاصل ہے، رواں سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، اس سلسلے میں تقریبات دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے ہائینان صوبہ انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے، سیاحت، ہائی ٹیک صنعت اور زراعت میں باہمی تعاون کے مواقع موجود ہیں۔

آصف علی زرداری نے ہائینان کے کاروباری اداروں اور پاکستان کے برآمدی صنعتی شعبوں میں روابط میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ کاروباری برادری میں روابط دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے اہم ہیں، سانیا میں چھٹے ایشیائی بیچ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند ہے۔

آصف علی زرداری نے بندرگاہوں کی ترقی، سیڈ ٹیکنالوجی اور ماہی گیری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین مستقبل میں بھی مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے لئے مل کر کوششیں جاری رکھیں گے، چین کے ساتھ تین نسلوں پر محیط گہرا تعلق ہے، یہ تعلق شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیربھٹو شہید سے بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری تک ہے۔

پارٹی سیکرٹری فینگ فئی کا صدر مملکت اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا، وفد نے عالمی تجارت اور سرمایہ کاری میں ہائینان کی فری ٹریڈ پورٹ کے بڑھتے کردار کو اجاگر کیا۔

ہائینان کے پارٹی سیکرٹری فینگ فئی اور صوبائی گورنر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں