ایم بی بی ایس فائنل پروفیشنل 2025 کے نتائج کا اعلان، 90.87 فیصد طلبہ کامیاب

لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایم بی بی ایس فائنل پروفیشنل سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں مجموعی کامیابی کا تناسب 90.87 فیصد رہا۔

امتحان میں 43 الحاق شدہ میڈیکل کالجوں کے 5 ہزار 125 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 4 ہزار 657 کامیاب جبکہ 454 ناکام قرار پائے۔

نتائج کے مطابق قائد اعظم میڈیکل کالج کی طالبہ عینہ مریم نے 1329 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، ابواء میڈیکل کالج کی فاطمہ الطاف 1328 نمبروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جبکہ گوجرانوالہ میڈیکل کالج کی عائلہ ابرار نے 1315 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

یونیورسٹی کے مطابق عملی امتحانات کے اختتام کے ایک دن بعد ہی نتائج مرتب کرکے جاری کر دیے گئے جبکہ تمام نتائج یو ایچ ایس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ نتائج کے بروقت اعلان سے فارغ التحصیل طلبہ کو اپنے پیشہ ورانہ مستقبل کی منصوبہ بندی میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں