جرمن چانسلر کا ایران سے فوری طور پر مذاکرات کی میز پر آنے کا مطالبہ

برلن: (دنیا نیوز) جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مذاکرات کی میز پر آئے اور خطے میں اپنی جارحانہ پالیسیوں کو ختم کرے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی عالمی معیشت کیلئے سنگین خطرہ بن سکتی ہے اور اس سے وسیع اقتصادی نقصان کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرمز کو کھلا رکھنے کیلئے ایران پر پابندیوں کا دباؤ مزید بڑھانا ضروری ہے۔

جرمن چانسلر نے خبردار کیا کہ جرمنی ہرمز میں نیویگیشن کی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے فوجی کارروائی سمیت تمام آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ اسرائیل اور دیگر علاقائی شراکت داروں کے خلاف حملے بند کرے۔

فریڈرک مرز نے مزید کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام عالمی امن کیلئے خطرہ ہے اور اسے بند ہونا چاہیے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرمنی نیٹو اور بحرِ اوقیانوس شراکت داری کے ساتھ کھڑا ہے اور امریکا کے ساتھ مل کر عالمی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کام جاری رکھے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں