جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی بربریت جاری، 9 شہری جاں بحق

بیروت: (دنیا نیوز) جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 9 شہری شیہید ہوگئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

لبنانی حکام اور سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حملے مختلف علاقوں میں کیے گئے جن میں 23 افراد زخمی بھی ہوئے، دوسری جانب شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں کم از کم 12 فوجی زخمی ہوئے۔

لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے، حملوں کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ علاقے میں خوف و ہراس کی صورتِ حال ہے۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے اور عام شہریوں، طبی عملے، سول ڈیفنس، امدادی کارکنوں اور صحافیوں کو نشانہ بنانا بند کرے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں، جہاں گھروں اور عبادت گاہوں کی تباہی کے ساتھ ہلاکتوں اور زخمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، صدر عون نے بتایا کہ اب تک تقریباً 17 امدادی کارکن اور پیرامیڈکس ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ صحافی بھی حملوں کی زد میں آئے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے 15 قصبوں کے رہائشیوں کو تازہ دھمکی جاری کرتے ہوئے علاقے میں کشیدگی مزید بڑھا دی ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے جن قصبوں کو نشانہ بنانے یا خالی کرنے کی وارننگ دی گئی ہے ان میں جِبشیت، حبّوش، حروف، کفر جوز، اپر نبطیہ، عبا، عدشیت الشقیف، عرب سلیم، تلت الخوری، اپر ہومین، المجدل، ارزون، دوئین، الحمیری اور معروب شامل ہیں۔

اسی دوران شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ایک ڈرون حملے میں کم از کم 12 اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے، اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملہ اسرائیل-لبنان سرحد کے قریب شومیرا کے علاقے میں ایک فوجی گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں