توہین عدالت کیس: ڈی سی راولپنڈی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی جمیل ظفر کے خلاف تھری ایم پی او کے معاملے میں توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران ڈی سی راولپنڈی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کردیئے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی جمیل ظفر کے خلاف تھری ایم پی او کے معاملے میں توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی۔
ایس ایس پی جمیل ظفر کی طرف سے ایڈووکیٹ شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے سماعت فروری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنا چاہتے ہیں، جتنی تیاری کرنی ہے کر لیں، اسی ہفتے کیس مکمل کریں گے۔
بعدازاں عدالت نے ڈی سی راولپنڈی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی نوٹس جاری کر دیئے جبکہ اڈیالہ جیل اور ڈی سی راولپنڈی کے ریکارڈ کیپرز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل ساڑھے 9 بجے تک ملتوی کر دی۔