پاک نیوزی لینڈ سیریز: پہلا ٹی20 میچ بارش کی نذر

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا۔

 پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم کر دیا گیا، بارش کے باعث پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 5،5 اوورز کیلئے محدود کر دیا گیا تھا جبکہ پہلی اننگز کے پہلے ہی اوور کی  صرف دو گیندوں کا کھیل ہو سکا تھا کہ بارش پھر آ گئی۔

اپنی دو گیندوں میں شاہین آفریدی نے نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹم روبنسن کی وکٹ حاصل کر لی اور بارش کے باعث رکنے والا میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور یوں میچ بے نتیجہ ہی ختم کر دیا گیا۔

قبل ازیں میچ کا ٹاس بھی بارش کے باعث آدھا گھنٹہ تاخیر سے ہوا تھا، نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا ، ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ 20اپریل کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں