گوگل پلے سٹور پر مشکوک اور غیر محفوظ اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز موجود ہونے کا انکشاف

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) گوگل پلے سٹور پر مشکوک اور غیر محفوظ اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اس سلسلہ میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے سرکاری ملازمین کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔

مراسلے کے مطابق مشکوک ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کرنے سے صارف کا حساس ڈیٹا چوری ہونے کا امکان ہے، ایپس ڈویلپر کو صارف کی کنٹیکٹ لسٹ، میڈیا، میسجز تک بلا اجازت رسائی فراہم کرتی ہیں۔

دستاویز کے مطابق اینڈرائڈ موبائلز پر تھرڈ پارٹی اور نامعلوم سورس والی ایپس انسٹال نہ کی جائیں، صارف ایپس انسٹال کرنے سے پہلے دیگر صارفین کے ریویوز کا جائزہ لے۔

مراسلے کے مطابق صارف اپنا ذاتی ڈیٹا ہرگز ایپ کو فراہم نہ کریں، ایپس کو اپنے ڈیٹا تک رسائی نہ دیں، مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری موبائل تبدیل کریں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ایپس انسٹال کرنے سے قبل صارف پرائیویسی پالیسی کو ضرور پڑھیں، نامعلوم یا مشکوک سورس سے اپنا ای میل اکاؤنٹ ہرگز نہ کھولیں، آفیشل ڈیٹا سمارٹ فون میں ہر گز نہ رکھیں۔

مراسلے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ اپنی لوکیشن کو بند رکھیں، حساس مقامات پر موبائل فون لے کر نہ جائیں، موبائل فونز میں اچھے اینٹی وائرس سافٹ ویئرز انسٹال کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں