غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں تیزی، 24 گھنٹوں میں 27 فلسطینی شہید

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ اور مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں تیزی، 24 گھنٹوں میں مزید 27 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔

مغربی کنارے میں اسرائیلی فضائیہ نے راتوں رات کئی دیگر گھروں کو نشانہ بنایا، فضائی حملے میں رہائشی ٹاور تباہ کردیا گیا جس میں متعدد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

صیہونی فوج نے رفاہ میں 3 ،غزہ شہر میں 2 الگ الگ حملے کرکے 20 فلسطینیوں کو شہید کیا، شہداء کی مجموعی تعداد 34ہزار 488ہوگئی جبکہ 77ہزار643 فلسطینی زخمی ہوئے۔

دوسری جانب قطر اور مصر کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں، حماس کا وفد آج قاہرہ پہنچے گا، مصری وزیر خارجہ غزہ جنگ بندی کی نئی تجویز کے بارے میں پرامید ہیں۔

مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ حماس کا وفد اسرائیل کی جنگ بندی تجاویز پر اپنے جواب سے آگاہ کرے گا، امید ہے حماس غیر معمولی فراخدلانہ پیشکش کو قبول کرے گی۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیلی وقتی جنگ بندی چاہتے ہیں جبکہ حماس تمام دشمنیوں کے خاتمے کا مطالبہ کررہی ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں