ایرانی قونصل جنرل کا ’’دنیا نیوز‘‘ کا دورہ، پیشہ ورانہ مہارت کو بے حد سراہا

لاہور: (دنیا نیوز) ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد نے لاہور میں ’’دنیا نیوز‘‘ کا دورہ کیا۔

دنیا میڈیا گروپ کے مینجنگ ڈائریکٹر نوید کاشف نے معزز مہمان کا استقبال کیا، دنیا میڈیا گروپ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا اور گروپ کی ادارتی پالیسی پر بریفنگ دی۔

ایرانی قونصل جنرل نے ’’دنیا نیوز‘‘ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران میں فاصلہ جغرافیائی ہے مگر دونوں ممالک کے عوام میں محبت اور ثقافتی و تاریخی تعلقات کو دیکھا جائے تو کوئی فاصلہ یا اجنبیت نہیں، انہوں نے فلسطینی عوام کی حمایت پر پاکستانی میڈیا اور قوم کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی قونصل جنرل نے دنیا میڈیا گروپ کی پیشہ ورانہ مہارت اور خبروں کو ناظرین تک پہنچانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی بے حد سراہا، ایران کے قونصل جنرل نے پاک ایران تجارتی، ثقافتی اور عوامی روابط کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے حالیہ دورہ پاکستان کے تناظر میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ایرانی قونصل جنرل نے پاکستان اور ایران کے تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کےعوام ایک خاندان کی طرح ہیں، دونوں ممالک کو ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہئے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

ایرانی قونصل جنرل نے غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ طویل جنگ میں بے گناہ فلسطینیوں کو بڑی تعداد میں قتل کیا گیا ہے، انہوں نے فلسطینی عوام کی حمایت پر پاکستانی میڈیا اور قوم کے جذبے کو سراہا، ایرانی قونصل جنرل نے اپنے دورے پر’’دنیا نیوز‘‘کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں