وفاقی وزیر داخلہ کا سکھر اور روہڑی میں 3 ماہ کے اندر نادرا دفاتر بنانے کا حکم

سکھر: (دنیا نیوز) لاہور کے بعد وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سکھر پہنچ گئے، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر سکھر کا بغیر اطلاع اچانک دورہ کیا۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکھر شہر کے اندر اور روہڑی میں 3 ماہ کے اندر 2 نئے نادرا دفاتر بنائے جائیں گے، پاکستان بھر میں نادرا سینٹرز پر 30 منٹ سے زیادہ شہریوں کو انتظار نہیں کرنا پڑے گا، ہر پاکستانی شہری کے پاس شناختی کارڈ دیکھنا چاہتا ہوں۔

محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس کی 12 برس سے رکی ہوئی عمارت کو مکمل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا، پاسپورٹ آفس کی عمارت کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا سیکرٹری داخلہ کو ٹاسک دے دیا، انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ آفس اس ابترعمارت میں کسی طرح قابل قبول نہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے پاسپورٹ آفس شہر کے مرکز میں ہونا چاہئے، انہوں نے پاسپورٹ آفس میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے، پاسپورٹ بنوانے کے لئے آئی خواتین سے بھی گفتگو کی، خاتون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج کے لئے جانا ہے پنو عاقل سے آئی ہوں، کسی نے پیسے نہیں لئے۔

نوجوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس جانے کے لئے پاسپورٹ بنوا رہا ہوں، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی پاسپورٹ آفس کے بعد سبزی منڈی کے قریب نادرا سینٹر پہنچ گئے، شہر سے دور نادرا سینٹر میں رش، خواتین، بزرگ اور معذوروں کو 3،3 گھنٹے انتظار کرنا پڑ رہا تھا۔

چیئرمین ضلع کونسل و لارڈ میئر سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے نادرا دفاتر کے لئے سکھر شہر اور روہڑی میں اراضی دینے کا اعلان کیا، وفاقی وزیرداخلہ نے چیئرمین ضلع کونسل سکھر کا شکریہ ادا کیا، محسن نقوی نے کہا کہ سکھر شہر کے اندر اور روہڑی میں 2 سے 3 ماہ کے اندر دفتر مکمل کرائیں گے۔

خواتین نے تاخیر اور انتظار کی شکایات کیں، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے عملے کو انتظار کے حوالے سے شکایات کے ازالے کا حکم دیا، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی ہمراہ تھے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں