قائم مقام گورنر پنجاب سے امریکی سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعاون کے فروغ پرگفتگو

لاہور:(دنیا نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے۔

قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی اسمبلی چیمبر میں ملاقات ہوئی جس میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز، پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف نکولس کاتساکس بھی موجود تھے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا دیرینہ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کے اصولوں پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد گار ثابت ہوں گے، دوطرفہ تجارت کے حجم کو مزید بڑھانا چاہیے۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت عوام کو صحت،تعلیم و دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے جامع پروگرام لے کر آگے بڑھ رہی ہے، لائیو سٹاک، تعلیم،صحت اور تجارتی شعبہ میں پاکستان اور امریکہ کو ایک دوسرے کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہیے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں