بارشوں میں اضافہ سے پانی کے شارٹ فال میں کمی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں بارشوں میں اضافے کے باعث پانی کے شارٹ فال میں کمی ہو گئی۔

ارسا کے مطابق پانی کا شارٹ فال 30 فیصد سے کم ہو کر 21 فیصد ہو گیا، پانی کے اصل بہاؤ میں 47 فیصد اضافہ ہو گیا ہے، صوبہ پنجاب کے حصے میں 1.014 ملین ایکڑ فٹ پانی کا اضافہ کیا گیا، سندھ کے حصے میں 0.614 ملین ایکڑ فٹ پانی کا اضافہ کیا گیا۔

ارسا کے اجلاس میں یکم سے 30 اپریل 2024 تک پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں نوٹ کیا گیا پانی کا اصل بہاؤ 10.35 ملین ایکڑ فٹ رہا ہے، پانی کا بہاؤ پیشگوئی کے مقابلے میں 47 فیصد بڑھا ہے، پانی کی آمد کی پیشگوئی 7.03 ملین ایکڑ فٹ کی گئی تھی۔

حالیہ بارشوں کی وجہ سے پانی کے ذخائر میں تقریباً 3.6 ملین ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا، آج کے دن تک تربیلا، منگلا اور چشمہ کے آبی ذخائر میں پانی کی مقدار 4.358 ملین ایکڑ فٹ ہے۔

ارسا کے مطابق موجودہ صورتحال میں پانی کے ذخائر 10 سال کی اوسط سے 48 فیصد زیادہ ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں