اعظم نذیر تارڑ کا مریم نواز سے ٹیلیفونک رابطہ، وکلا احتجاج پرگفتگو

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر قانون اور وزیراعلیٰ پنجاب نے وکلا کے احتجاج سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی، دونوں رہنماؤں نے وکلا کے جائز مطالبات کا احترام کرتے ہوئے معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس پنجاب کو وکلا کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز برتنے کی فوری ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: وکلا کی ریلی پرپولیس کا لاٹھی چارج، پاکستان بارکونسل کا ملک گیرہڑتال کا اعلان

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ تصادم عوام سمیت کسی فریق کے حق میں نہیں، مسائل کو بات چیت سے حل کرنا ہی دانشمندی ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پولیس حراست میں موجود وکلا رہا کئے جائیں، وکلا دہشت گرد نہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ وکلا کے احتجاج کی صورتحال میں وزیراعلیٰ پنجاب سے مسلسل رابطے میں رہے۔

یاد رہے کہ سول عدالتوں کی ماڈل ٹاؤن کچہری منتقلی اور وکلا کیخلاف مقدمات کے معاملے پر وکلا نے ایوان عدل سے لاہور ہائیکورٹ تک احتجاجی ریلی نکالی، احتجاجی مظاہرین جی پی او چوک پہنچے تو پولیس نے دھاوا بول دیا۔

جی پی او چوک پر پولیس اور احتجاجی وکلاء کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے شیل برسائے، پولیس کی جانب سے احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹرکینن کا بھی استعمال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بار کونسل کی وکلاء پر پولیس کارروائی کی مذمت، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

پولیس نے مظاہرے میں شریک وکلا کو گرفتار بھی کیا، وکلا نے جی پی او چوک اور ہائیکورٹ کے باہر لگے بیریئرز کو ہٹا دیا، وکلا کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا جس کے نتیجے میں ایس پی ماڈل ٹاؤن زخمی ہو گئے۔

وکلا مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں