حج آپریشن: لاہور سے پی آئی اے کی پہلی پرواز مدینہ منورہ روانہ

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے قبل از حج آپریشن کا آغاز کر دیا، لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 717 مدینہ منورہ روانہ ہوگئی۔

پہلی حج پرواز سے 329 عازمین حج روانہ ہوئے، عازمین کو پی آئی اے کے چیف پراجیکٹ آفیسر خرم مشتاق نے رخصت کیا، لاہور ایئر پورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کیلئے ایک پروقار تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔

چیف پراجیکٹ آفیسر خرم مشتاق نے کہا کہ عازمین حج پاکستان اور پی آئی اے کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، پی آئی اے نے پاکستان اور مدینہ منورہ میں عازمین کی سہولت کیلئے خصوصی حج ٹیمیں تشکیل دی ہیں، پی آئی اے عازمین کو مدینہ منورہ اور جدہ پہنچا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں حج آپریشن کا آغاز، کراچی سے 2 پروازیں سعودیہ روانہ

خیال رہے کہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات حج آپریشن کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں، لاہور ایئرپورٹ پر حجاج کرام کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔

قبل ازیں رات گئے نجی ایئر لائن کی پہلی پرواز 150 عازمین حج کو لے کر کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوئی جبکہ کراچی سے ہی دوسری پرواز 180 عازمین کو لے کر سعودی عرب پہنچی، سرکاری حکام نے عازمین کو الوداع کیا۔

سرکاری سکیم کے تحت آج سے شروع ہونے والا حج آپریشن 9 جون تک جاری رہے گا، 259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار عازمین حجاز مقدس پہنچیں گے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت عازمین حج کی امیگریشن سعودی حکام کراچی میں ہی کر رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں