وزیراعظم کی حکومت کی تمام تر کارروائی کو ای آفس پر منتقل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کی تمام تر کارروائی کو ای آفس پر منتقل کرنے کی ہدایت کر دی۔

شہبازشریف نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، تمام وفاقی سرکاری اداروں و متعلقہ حکام کو ٹاسک دے دیا، وزیراعظم نے حکومتی کارروائی کو ای آفس پر منتقل کرنے کیلئے جلد جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا ویئر ہاؤس اور لاجسٹکس کو انڈسٹری کا درجہ دینے کا اعلان

وزیر اعظم نے استفسار کیا کہ 20 برس قبل ای آفس پر کام شروع ہوا، اتنے عرصے میں اس پر مثبت پیش رفت کیوں نہ ہوئی، دنیا بھر میں ای آفس پر کام ہو رہا ہے، پاکستان میں منصوبے کی راہ میں کیونکر رکاوٹیں پیدا کی گئیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ای آفس پر منتقلی سے نظام میں شفافیت پیدا ہوگی، ملکی خزانے کے اربوں روپے بچائے جاسکیں گے، آج اگر صرف سرکاری خریداری میں ہی ای آفس کا نفاذ ہو چکا ہوتا تو ملکی خزانے کے اربوں روپے بچائے جا سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کی نشاندہی کی جائے جنہوں نے دانستہ طور پر ای آفس کے نظام کو سست روی کا شکار رکھا، ای آفس کے استعمال کو سہل، جدید اور محفوظ بنایا جائے، ای آفس نظام کی تیاری اور اس کے نفاذ کیلئے بین الاقوامی سطح پر رائج مثالوں سے مدد لی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی طاقتیں فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلوانے میں کردار ادا کریں: وزیراعظم

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ای آفس کی ازسر نو تیاری کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی مدد لی جائے، میرٹ پر چھان بین کے بعد غیر ضروری، غیر متعلقہ اور ناقص کارکردگی دکھانے والے لوگوں کو برخاست کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں