ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ نے عمان کو روند ڈالا، چوتھے اوور میں ہدف عبور

انٹیگوا: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں انگلینڈ نے عمان کو روند ڈالا، 48 رنز کا ہدف چوتھے اوور کی پہلی گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 28 ویں میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر عمان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، دونوں ٹیمیں سر ویون رچرڈ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں۔

عمان کی اننگز

انگلینڈ کی دعوت پر عمان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ان کے تمام بیٹرز انگلش باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے، اوپنرز پرتیک اٹھوالے انگلش باؤلر جوفرا آرچر کا سامنا کرتے ہوئے دوسرے اوور کی دوسری بال پر فلپ سالٹ کو کیچ دے بیٹھے، اسی طرح کشپ پراجپتی بھی 9 رنز بنا کر چلتے بنے، ان کے بعد آنے والے کپتان عاقب الیاس بھی 8 رنز ہی بنا پائے۔

چھٹے نمبر پر آنے والے شعیب خان 11 رنز بنا کر نمایاں رہے، کلیم اللہ 5، فیاض بٹ 2، ذیشان مقصود، خالد کیل اور آیان خان نے ایک ایک سکور بنایا، یوں عمان کی ٹیم 47 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 11 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی اننگز

کم ترین سکور کا ہدف عبور کرنے کیلئے انگلش بلے بازوں نے بیٹنگ کا جارحانہ انداز اپنایا اور 20 رنز کے مجموعی سکور پر 2 وکٹیں گنوا بیٹھے، فلپ سالٹ 12 اور ول جیکس نے 5 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان نے بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے صرف 8 بالز پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کا ہدف صرف 19 گیندوں پر پورا کر لیا، جونی بیرسٹو نے بھی 2 بالز پر 2 چوکے لگائے۔

عمان کو بآسانی شکست دینے کے بعد انگلینڈ کا نیٹ رن ریٹ 3.081 پلس ہو گیا ہے، نیٹ رن بہتر ہونے کی وجہ سے انگلینڈ ٹیم کی سپر 8 مرحلے تک رسائی کی امید پیدا ہو گئی، 16 جون کو آسڑیلیا اپنا سکاٹ لینڈ کیخلاف ہونے والا میچ جیت لیتا ہے اور انگلینڈ کل نمیبیا کو ہرا دیتا ہے تو انگلش ٹیم رن ریٹ کی وجہ سے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی  کر جائے گی۔

  انگلش سکواڈ

 انگلش ٹیم کی قیادت جوش بٹلر کر رہے ہیں جبکہ فلپ سالٹ، ہیری بروک، جونی بیرسٹو، ول جیکس، معین علی، لیام لیونگسٹون، مارک ووڈ، جوفرا آرچر، عادل رشید اور ریس ٹوپلی ٹیم کا حصہ ہیں۔

عمانی سکواڈ

عمان کی ٹیم کی کپتان کی فرائض عاقب الیاس سرانجام دے رہے ہیں، کشپ پراجپتی، پرتیک اٹھوالے، ذیشان مقصود، خالد کیل، مہران خان، آیان خان، شعیب خان، بلال خان، فیاض بٹ اور کلیم اللہ ٹیم میں شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں