رمضان شوگر مل ریفرنس: حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

احتساب عدالت کے جج ندیم گلزار نے ریفرنس پر سماعت کی، وزیراعظم شہباز شریف کے نمائندے انوار حسین ایڈووکیٹ نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی جبکہ حمزہ شہباز کے وکلاء کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ حمزہ شہباز کمر کی تکلیف کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے، ڈاکٹرز نے لیگی رہنما کو آرام کا مشورہ دے رکھا ہے، استدعا ہےکہ عدالت ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ ہر مرتبہ نجی ہسپتال کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کر دیتے ہیں، آئندہ حمزہ شہباز کا میڈیکل سرٹیفکیٹ سرکاری ہسپتال کا پیش کیا جائے،لیگی رہنما کی کمر کی میڈیکل رپورٹس بھی آئندہ پیش کی جائیں۔

بعدازاں عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس پر مزید کارروائی 5 اگست تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں