لاہور ہائیکورٹ کا پولیس کو شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر جسٹس امجد رفیق نے سماعت کی، سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے کہا کہ پیر والے دن عدالتی حکم پر جیو فینسنگ کا ڈیٹا حاصل کیا گیا، جیو فینسنگ کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ ایجنسیوں کے نمبر سامنے آتے ہی نہیں یا آجاتے ہیں؟ ، سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ اگر کال وٹس ایپ پر کی جائے تو نمبر آجاتا ہے، ریگولر نمبر پر کی جائے تو نہیں آتے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا جس پر جسٹس امجد رفیق نے کہا کہ آپ کے چہروں سے پتہ چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں، ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ مغوی خیر و عافیت سے گھر واپس آئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شہباز گل کے بھائی غلام شبیر کو اسلام آباد جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا، شہباز گل کے بھائی کی جان کو خطرہ ہے، عدالت بازیاب کروانے کا حکم دے۔

بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18 جولائی تک ملتوی کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں