خواتین ملازمین کے حجاب نہ پہننے پر ایئرلائنز کا دفتر سربمہر

تہران :(دنیا نیوز) ایران میں پولیس نے دارالحکومت تہران میں ایک عجیب وغریب واقعہ پیش آیا ہے، ترکش ایئر لائنز کے دفتر کو اس وقت بند کر دیا گیا جب وہاں کی خواتین ملازمین نے مبینہ طور پر حجاب پہننے سے انکار کر دیا۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے ترکش ایئرلائنز کی ملازمین کو حجاب نہ پہننے پر پہلی وارننگ جاری کی، تاہم ملازمین نے مبینہ طور پر پولیس افسران کے لیے مشکلات پیدا کیں‘ پولیس نے ملازمین کے رویے کی وجہ سے دفتر کو سیل کردیا۔

واضح رہے رپورٹ کے مطابق ترکش ایئرلائنز کے دفتر کو بدھ کے روز دوبارہ کھولنے اور معمول کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے، تاہم پولیس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس قانون کے مطابق حجاب کی پابندی نہ کرنے پر کسی بھی کاروبار کو اچانک سیل نہیں کرتی بلکہ پہلے وارننگ جاری کرتی ہے۔

تہران میں پیش آنے والے اس واقعے پر ترکش ایئرلائنز نے فوری طورپر کوئی موقف نہیں دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں