مخصوص نشستوں بارے عدالتی فیصلہ، سینیٹ و قومی اسمبلی اجلاس بلانے پر غور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مخصوص نشستوں بارے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں حکومت نے سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاس بلانے پر غور شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے وزیراعظم سے ملاقات میں پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کی تجویز دی۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں اور اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا حتمی فیصلہ کل نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ہوگا، اجلاس میں مخصوص نشستوں بارے عدالتی فیصلے پر بحث ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نظر ثانی اپیل میں جانے سے پہلے پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے حکمت عملی مرتب کرے گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دینے کا حکم دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں