لاہور میں کرنٹ لگنے، چھتیں، دیواریں گرنے سے کمسن بچی سمیت 5 افراد جاں بحق

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دار الحکومت میں کرنٹ لگنے، چھتیں، دیواریں گرنے سے کمسن بچی سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

نشاط کالونی میں بارش کے پانی سے بجلی کے پول میں کرنٹ آنے سے نوجوان دم توڑ گیا، متوفی کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، نوجوان گھر کے لئے ناشتہ لے کر جا رہا تھا۔

کوٹ لکھپت کے علاقہ میں 14 سالہ بچہ بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، ریسکیو کے مطابق افسوسناک واقعہ چونگی امر سدھو نیازی چوک پر پیش آیا، بچے کی شناخت عبداللہ ولد الطاف عمر 14 سال معلوم ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں موسلادھار بارش: 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جل تھل ایک، نظام زندگی مفلوج

نشتر کالونی میں کچے مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 سالہ کرن دم توڑ گئی جبکہ ملبے تلے دب کر 5 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کاہنہ میں دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 7 بکریاں ہلاک، کوٹ لکھپت میں بارش کے پانی میں کرنٹ آنے سے عاشق علی نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔

ڈیفنس کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے 41 سالہ شخص غلام مصطفیٰ جاں بحق ہو گیا، شوکت خانم چوک کے قریب لکڑی سے بنی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں