قتل کے مقدمہ میں مطلوب خطرناک اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس کے سپیشل آپریشنز سیل نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اشتہاری حسیب احمد نے 2021 میں گوجرانوالہ میں ساتھی ملزم یونس کے ساتھ مل کر شہری کو قتل کیا تھا، واردات کے بعد دونوں اشتہاری بیرون ملک فرار ہو گئے، دونوں مجرمان صدر کامونکی گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب تھے۔
پولیس انسپکٹر خالد وریاہ کی سربراہی میں ٹیم نے دونوں اشتہاریوں کو گرفتار کر کے پاکستان منتقل کر دیا، پولیس نے چند ماہ قبل اشتہاری یونس کو عمان سے گرفتار کر کے پاکستان منتقل کیا تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 63 ہو گئی ہے جس میں اے کیٹیگری کے دیگر خطرناک اشتہاریوں کی جلد گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایف آئی آر اور انٹر پول کے تعاون سے دیگر خطرناک اشتہاریوں کو نھی گرفتار کر کے پاکستان واپس لایا جائے گا۔