گوگل سرچ انجن سے ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر ہٹانے لگا
نیویارک: (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ کی سب سے مقبول اور بڑے سرچ انجن گوگل نے ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر کو ہٹانے کیلئے سرچ انجن میں تبدیلیاں کر دیں۔
ویب سائٹ وائرڈ کے مطابق حالیہ چند ماہ میں گوگل پر ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر کو ڈیلیٹ کرنے کیلئے کافی دباؤ تھا اور سرچ انجن کو دنیا بھر سے ایسے مواد کو ڈیلیٹ کرنے کی درخواستیں بھی موصول ہوئیں جس کے بعد اب کمپنی نے اس پر عمل شروع کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق گوگل سرچ انجن میں تبدیلیاں کر کے ایسے مواد کو ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور زیادہ تر اب گوگل پر ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر نظر نہیں آتیں۔
حالیہ دنوں میں ہالی ووڈ اداکارہ جینیفر آئنسٹن اور ٹیلر سوئفٹ کی نامناسب ڈیپ فیک ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے پر گوگل کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا کیوںکہ سرچ انجن تلاش کرنے پر ٹاپ رزلٹس میں اداکاراؤں کی فحش ویڈیوز اور تصاویر دکھا رہا تھا۔
لیکن نئی تبدیلی کے بعد اب ایسا نہیں ہوتا اور جو بھی شخص گوگل پر کسی معروف شخصیت کی ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے دوسرے رزلٹس دیئے جاتے ہیں۔
اب گوگل ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر کو تلاش کرنے پر ان سے متعلق شائع خبروں اور رپورٹس کے لنکس فراہم کرتا ہے یا پھر ڈیپ فیک ویڈیوز اور تصاویر کے انتباہ سے متعلق مواد کو سجیسٹ کرتا ہے۔
ساتھ ہی گوگل کے ماہرین نے اعتراف کیا ہے کہ سرچ انجن سے 100 فیصد ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر کو ہٹانا مشکل ہے تاہم بعض ٹولز کے ذریعے ایسے مواد کو انتہائی پیچھے دھکیل کر ان کی تلاش کو مشکل بنایا جا سکتا ہے۔