چین آئرن برادر ملک، دوستی اور تعلقات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:وزیراعظم

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا آئرن برادر ہے، چائنہ کے ساتھ دوستی اور تعلقات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

وزیراعظم شہبا شریف سے چائنہ پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن کی دعوت پر چین کا دورہ کرنے والے سینئر صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی،سینئر صحافیوں کے وفد نے وزیراعظم کو دورہ چین کی کامیابی سے آگاہ کیا۔

سینئر صحافیوں میں سلمان غنی، عامر میر، شیراز حسنات، خضر گوندل، خالد حسنین، اعظم ملک اور مطیع الرحمان شامل تھے، صحافیوں کے سات رکنی وفد نے چینی حکومت کی دعوت پر بیجنگ، شن جنگ اور گوانگ ژو کا دورہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ماڈل ٹاؤن میں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، سیاسی، معاشی صورتحال پر مشاورت

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنے حالیہ دورہ چین میں اہم مقاصد حاصل کئے ہیں، چین کو باضابطہ طور پر پاکستانی قرضوں کو 5 سال کے لئے ری شیڈول کرنے کی درخواست کی ہے، امید ہے چینی حکومت ہماری درخواست پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں، آئی پی پیز کے حوالے سے ترجیحات کا جائزہ لے رہے ہیں، 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والوں کو ریلیف دیا، اگلے کچھ عرصے میں چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے چینی وفد کی ملاقات، صنعت و دیگر شعبوں میں ملکر کام کرنے کا اظہار

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی عوام کی ترقی ان کی یکجہتی میں پنہاں ہے، پاکستانی عوام کو بھی معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے مٹھی کی طرح یکجا ہونا پڑے گا، پاکستان میں کام کرنے والے چینیوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ چینی باشندوں کی حفاظت پر حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں، اسے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں، سی پیک جاری ہے اور جاری رہے گا، ہماری کوشش ہے سی پیک کے منصوبوں کو اپنی حکومت کے دور میں جلد از جلد مکمل کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں