لاہور میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار، نشیبی علاقے زیر آب

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں علی الصبح ہونے والی موسلادھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی اور مال روڈ کے اطراف میں شدید بارش ہوئی جبکہ گلبرگ، کلمہ چوک، جیل روڈ، فیروزپور روڈ پر بھی جم کر بادل برسے۔

اس کے علاوہ قرطبہ چوک، چوبرجی، اسلامپورہ، بند روڈ، گلشن راوی، سمن آباد، مغلپورہ، تاج پورہ، فرخ آباد، چوک ناخدا میں بھی شدید بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش کی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی معطل رہی۔

دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، بارش کی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی معطل رہی، کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے پیش نظر صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں کی انتظامیہ اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں