راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی وارننگ
لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار سے 55 ہزار کیوسک پانی گزرنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنر گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، ملتان اور ساہیوال ڈویژنز کو الرٹ جاری کر دیا۔
ڈپٹی کمشنرز نارووال، شیخوپورہ، لاہور، ننکانہ، قصور، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خانیوال کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں، عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔
ڈی جی عرفان کاٹھیا نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔