محمد رضوان کو تینوں فارمیٹس کا کپتان بنائے جانے کا امکان
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو تینوں فارمیٹس کیلئے کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کپتانی سمیت دیگر فیصلوں کے لیے 22 ستمبر کو اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں ریڈ بال کوچ جیسن گلیپسی، وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن، ہائی پرفارمنس کوچ ٹم نیلسن، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود سمیت دیگر تمام کوچز اور بورڈ آفیشلز شریک ہوں گے۔
بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کوچز سے کپتان کی تبدیلی سے متعلق مشاورت ہوگی اور ان کی تجاویز کی روشنی میں قومی ٹیم کے ریڈ بال اور وائٹ بال کی کپتانی سمیت دیگر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
پی سی بی ذرائع نے بتایا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو تینوں فارمیٹس کیلئے قومی ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی حتمی فیصلہ کوچز، مینٹورز اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد کریں گے۔