سٹاک مارکیٹ میں تیزی، کاروبار کا مثبت رجحان رہا
کراچی: (دنیا نیوز) شرح سود میں کمی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا فائدہ ہوگیا۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا جس کے باعث سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 315 پوائنٹس اضافے کیساتھ 79 ہزار 333 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ٹریڈنگ کی دوران 999 پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس 80 ہزار کی بلند سطح بھی عبور کرگیا تھا، ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 80 ہزار 16 پوائنٹس رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 79 ہزار 17 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
سٹاک مارکیٹ میں آج 12 ارب 63 کروڑ 40 لاکھ 82 ہزار 943 روپے مالیت کے 19 کروڑ 14 لاکھ 83 ہزار 679 شیئرز کا لین دین ہوا۔
ماہرین معیشت کے مطابق شرح سود میں کمی اور آئی ایم ایف سے معاملات میں پیشرفت کا سٹاک مارکیٹ پرمثبت اثر ہوا ہے۔
یاد رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کل پالیسی ریٹ 2 فیصد کم کر کے 17.5 فیصد کر دیا ہے، اس سے قبل پالیسی ریٹ 19.5 فیصد تھا۔