پاکستان کی سیاسی صورتحال سے ہر شہری مایوس ہے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال سے ہر شہری مایوس ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج آئین میں ترمیم کا ہوتا ہے، ذوالفقار بھٹو نے ہمیں آئین دلوایا تھا، ہم نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے اسی آئین کو بحال کروایا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے کسی بھی ادارے کا نظام اچھا نہیں چل رہا، عدالت کو دیکھیں تو بھٹو شہید کو اب انصاف ملا ہے، جہاں بھٹو کی تیسری نسل کو انصاف کے لیے انتظار کرنا پڑا وہاں عام آدمی کو انصاف ملنے کی کیا امید ہو سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کی ضرورت ہے، منتخب نمائندہ میڈیا کے خلاف بولے گا تو میڈیا برداشت کرے۔