ڈیجیٹائزیشن واحد چیز ہے جو کرپشن ختم کر سکتی ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورا نے کہا ہے کہ مختلف محکموں میں گورننس کے نظام کی ڈیجیٹائزیشن پر کام جاری ہے، ڈیجیٹائزیشن واحد چیز ہے جو کرپشن کو ختم کر سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا تیزرفتاری سے ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کی طرف گامزن ہے اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پروگراموں کا باضابطہ اجرا کیا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نوجوان ڈیجیٹل سکلز پر بھرپور فوکس کریں، یہ آئی ٹی کا دور ہے، اس کے بغیر ہم ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہو سکتے، ہم نے اپنی نوجوان نسل کو آئی ٹی کی طرف لانا ہے، ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ موجود ہے، اس ٹیلنٹ کو ملکی ترقی کیلئے بروئے کار لانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ نوجوان آگے آئیں، محنت کریں، حکومت مواقع فراہم کرے گی، محنت کا کوئی متبادل نہیں، جتنی زیادہ محنت کریں گے اتنا ہی آگے بڑھیں گے، صوبائی حکومت آئی ٹی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، ہری پور میں آئی ٹی سٹی قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاورمیں آئی ٹی کمپلیکس کے قیام پر کام جاری ہے، لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل بھی جلد مکمل ہو جائے گا، روایتی پٹوار کلچر سے عوام کی جان چھوٹ جائے گی، صوبائی حکومت کے ڈیجیٹل پورٹل کا بھی جلد اجرا کریں گے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ سکول آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سکول آف گیمنگ اور سکول آف ڈیجیٹل گورننس کا قیام عمل میں لا رہے ہیں، خدمات کی فراہمی کے عمل کی براہ راست نگرانی ہو گی، جزا و سزا یقینی بنائیں گے۔