منشیات فروش سب انسپکٹر 2 ساتھیوں سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار، 70 کلو منشیات برآمد

لاہور: (دنیا نیوز) سب انسپکٹر سے 70 کلوگرام منشیات برآمد ہونے پر اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق سب انسپکٹر سجاول نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے 70 کلو منشیات برآمد ہوئی تھی، سب انسپکٹر سجاول نے اس منشیات فروش کو آٹھ لاکھ روپے رشوت لے کر چھوڑ دیا تھا۔

ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا کہ سب انسپکٹر سجاول نے منشیات فروش سے برآمد شدہ منشیات اپنے قبضہ میں لے کر آگے فروخت کرنے کے لئے ایک ڈسمس کانسٹیبل تکاثر سے رابطہ کیا، سابق کانسٹیبل تکاثر سے 50 ہزار روپے فی کلو فروخت کا سودا طے پایا جس میں 5 ہزار فی کلو کمیشن سابق کانسٹیبل کا طے ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ تکاثر جب منشیات فروخت کرنے گیا تو نارکوٹکس انویسٹی گیشن یونٹ ساؤتھ کی ٹیم نے پکڑ لیا اور تفتیش میں تمام حقائق سامنے آگئے ڈسمس کانسٹیبل نے منشیات کی سپلائی کے لئے رخسانہ نامی خاتون کا بھی سہارا لیا تھا۔

این آئی یونٹ نے سب انسپکٹر سجاول، سابق پولیس اہلکار تکاثر اور رخسانہ نامی خاتون کو بھی گرفتار کر کے منشیات برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں