آئی ایل ٹی 20: فخر ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کیلئے تیار
لاہور: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی انٹرنیشنل ٹی 20 لیگ کے تیسرے سیزن کیلئے فرنچائزز نے فخر زمان سمیت کئی نامور کرکٹرز کی خدمات حاصل کر لیں۔
لیگ میں حصہ لینے والے نامور کھلاڑیوں میں جیسن روئے، شائی ہوپ، لوکی فرگوسن، روسٹن چیز، میتھیو ویڈ، ابراہیم زدران اور ماریو شیفرڈ بھی شامل ہیں جبکہ ایونٹ کا تیسرا سیزن آئندہ برس ابوظہبی، دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
نئے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے جون میں کھلنے والی ونڈو گزشتہ اتوار کو بند ہوئی، اس دوران ڈیزرٹ وائپرز نے فخر زمان، ڈین لارنس اور لوکی فرگوسن جیسے کھلاڑی کی خدمات حاصل کیں۔
گزشتہ سیزن کے برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں میں اعظم خان، محمد عامر، الیکس ہیلز، لیوک ووڈ، شیرفین ردرفورڈ اور وانندو ہسارنگا بھی موجود ہیں۔
ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں شریک ہیں، سب نے اپنے 15 رکنی سکواڈز کو حتمی شکل دے دی، ان ٹیموں میں ڈیزرٹ وائپرز کے ساتھ ابوظہبی نائٹ رائیڈرز، دبئی کیپیٹلز، گلف جائنٹس، ایم آئی ایمرٹس اور شارجہ واریئرز شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 11 جنوری سے ہوگا جبکہ فائنل 9 فروری کو کھیلا جائے گا۔