حاملہ ہونے پر معروف برانڈز نے کام دینے سے انکار کردیا تھا: زارا نور
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے انکشاف کیا ہے جب وہ حاملہ ہوئیں تو معروف برانڈز نے انہیں کام دینے سے انکار کردیا تھا۔
حال ہی میں اداکارہ زارا نور عباس ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے کیریئر اور نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
انٹرویو کے دوران اداکارہ نے انکشاف کیا کہ جب میں پہلی بار حاملہ ہوئی تھی تو میں اس دوران ایک برانڈ کے ساتھ کام کررہی تھی، میرا برانڈ کے ساتھ باقاعدہ کانٹریکٹ ہوا تھا لیکن جب برانڈ کو میرے حمل کا علم ہوا تو برانڈ نے کانٹریکٹ ختم کرکے مجھے مزید کام دینے سے انکار کردیا تھا۔
زارا نے بتایا کہ مذکورہ برانڈ نے کام دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ حاملہ ہوگئی ہیں اس لیے ہم آپ کے ساتھ مزید کام نہیں کرسکتے کیونکہ آپ ہماری ٹارگٹ مارکیٹ کے معیار پر پوری نہیں اتریں گی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے برانڈ مالکان اور مینجمنٹ سے پوچھا کہ کیا حاملہ خواتین میک اپ نہیں کرتیں؟ جس پر مینجمنٹ نے جواب دیا کہ اب آپ پہلے کی طرح سمارٹ نہیں نظر آرہیں اس لیے ہم کانٹریکٹ ختم کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال 27 مارچ کو زارا نور عباس اور اسد صدیقی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے نور جہاں رکھا۔