علیمہ و عظمیٰ خان پر درج مقدمات کی تفصیل لاہور ہائیکورٹ میں پیش

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان پر درج مقدمات کے حوالے سے رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کردی۔

لاہور ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس علی ضیاء باجوہ نے علیمہ خان کے بیٹے شیراز خان کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور عدالت عالیہ کے روبرو پیش ہوئے، آئی جی پنجاب نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کیخلاف پنجاب میں درج مقدمات کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ علیمہ خان پر پنجاب کی حدود میں 10 جبکہ عظمی خان پر 5 مقدمات درج ہیں، علیمہ خان پر لاہور میں 7 جبکہ عظمی خان پر لاہور میں 3 مقدمات درج ہیں۔

پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ علیمہ خان کے خلاف اٹک میں 2 جبکہ راولپنڈی میں ایک مقدمہ درج ہے، عظمیٰ خان کے خلاف ضلع اٹک میں 2 مقدمات درج ہیں۔

بعدازاں عدالت نے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں