الزامات سنگین، بھارت سنجیدہ ہو کر کینیڈا سے تعاون کرے: امریکہ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ نے کہا ہے کہ کینیڈا کے بھارت پر الزامات کی نوعیت سنگین ہے، چاہتے ہیں بھارت الزامات کو سنجیدہ لے کر کینیڈا سے تعاون کرے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پر اپنا پیغام پہلے ہی واضح کر چکے ہیں، امریکی شہری کے قتل کی سازش کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں، دیکھنا چاہتے ہیں اس معاملے کی مکمل تفتیش کی گئی ہے یا نہیں۔
میتھیو ملر نے مزیدکہا کہ جوہری پھیلاؤ کے خطرات کیلئے بھی مؤثر پالیسی لاگو کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔
میتھیو ملر نے پاکستان میں ایس سی او سمٹ کے حوالے سے سوال پر بتایا کہ امریکا ہر ملک کے خود مختار گروپ میں شریک ہونے کے حق کا احترام کرتا ہے، حوصلہ افزائی کریں گے کہ کثیرالجہتی فورم میں شرکت عالمی قانون کی پاسداری ہو۔
امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اجلاس میں تمام ملکوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے۔