بیروت اور اطراف میں اسرائیلی حملوں میں کمی چاہتے ہیں : لائیڈ آسٹن

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ اسرائیل، لبنان اور اس کےاطراف میں اپنے حملے کم کرے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ شہریوں کی اموات کی تعداد بہت زیادہ ہے، ہم بیروت اور اس کے ارد گرد اسرائیلی حملوں میں کمی دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم مذاکرات چاہتے ہیں جس سے دونوں طرف کے شہری اپنے گھروں کو واپس جا سکیں۔

لائیڈآسٹن نے انکشاف کیا کہ انہوں نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں ( یو این آئی ایف آئی ایل) کی سکیورٹی کا مسئلہ اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے ساتھ اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والے متعدد واقعات کے باوجود اقوام متحدہ کی فورس کو نشانہ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ایک اور تناظر میں امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ غزہ کے شہریوں کو وہ انسانی امداد ملنی چاہیے جو انہیں زندہ رہنے کے لیے درکار ہےاور اس کا زیادہ حصہ ان تک پہنچنا چاہیے۔

امریکی محکہ دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جی7 ممالک کے وزرائے دفاع نے لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں ( یو این آئی ایف آئی ایل)اور لبنانی مسلح افواج کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں