امریکی انتخابات 2024 میں نوجوان ووٹرز مرکز نگاہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی انتخابات 2024 میں نوجوان ووٹرز کی اہمیت بڑھ گئی ہے کیونکہ پچھلے انتخابات میں نوجوانوں کا ووٹنگ میں حصہ لینا بڑی تعداد میں دیکھنے میں آیا، جس میں خاص طور پر 18 سے 29 سال کی عمر کے ووٹرز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

جیسا کہ امریکی انتخابات قریب ہیں ایسے میں وہ نوجوان ووٹرز جن کی عمریں 18 سے 29 سال کے درمیان ہیں ان کی انتخابات کو کسی کے حق میں جھکانے کی طاقت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔

2024 کے انتخابات میں تقریباً 42 ملین نوجوان ووٹرز اپنا ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے، 80 لاکھ نئے نوجوان اس سال ووٹ ڈالنے کے لیے اہل ہوئے ہیں۔

2020 میں نوجوان ووٹرز کی تعداد تقریباً 50 فیصد رہی جو گزشتہ کئی انتخابات کی نسبت زیادہ تھی۔

نوجوان ووٹرز عموماً ایسے مسائل پر توجہ دیتے ہیں جو ان کی زندگی کو براہ راست متاثر کرتے ہیں، جیسے کہ ماحولیاتی تبدیلی، طلبہ قرضہ جات اور صحت کی سہولیات۔

نوجوان ووٹرز کی شرکت میں ہر انتخابات کے ساتھ اضافہ دیکھا گیا ہے، 2020 میں نوجوانوں کا ووٹنگ تناسب تقریباً 55 فیصد تھا جو کہ 2016 کے 44 فیصد اور 2012 کے 45 فیصد کے مقابلے میں نمایاں اضافہ تھا۔

اسی طرح سال 2000 میں نوجوانوں کی ووٹنگ کا تناسب 40.3 فیصد، 2004 میں 49 فیصد اور 2008 کے انتخابات میں نوجوان ووٹروں کا تناسب 51.1 فیصد تھا۔

ڈیموکریٹک حمایت

نوجوان ووٹرز میں ڈیموکریٹک پارٹی کو مسلسل زیادہ حمایت ملی ہے، جس میں 2020 میں یہ شرح 61 فیصد تک پہنچی۔

ریپبلکن حمایت

ریپبلکن پارٹی کو نوجوان ووٹرز کی نسبتاً کم حمایت ملی ہے جو 2012 اور 2016 میں 37 فیصد تھی جبکہ 2020 میں یہ تھوڑی سی کمی کے ساتھ 36 فیصد رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں