سانحہ چکرا گوٹھ: ایم کیو ایم لندن کے ملزمان کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ
کراچی: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ چکرا گوٹھ حملے کے مقدمے میں ایم کیو ایم لندن کے 3 ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سینٹرل جیل کراچی میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو سانحہ چکرا گوٹھ حملہ کیس میں ایم کیو ایم لندن کے رئیس عرف مما سمیت 3 ملزمان کی بریت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں وکیل صفائی عابد زمان ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ ملزمان کیخلاف استغاثہ ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکا، ملزمان کی بریت کی درخواستیں منظور کی جائیں۔
استغاثہ نے مؤقف اپنایا کہ مقدمے میں رئیس عرف مما، کامران عرف مادھوری، شاہ جہان عرف شٹن، ظہیر عرف فنٹر سمیت 21 ملزمان شامل ہیں، ایم کیو ایم کے تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج سمیت 5 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔
عد ازاں عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ 11 نومبر کو سنائے جانے کا امکان ہے، عدالت نے اس سلسلے میں پراسیکیوشن کے دیگر گواہوں کو بھی سمن جاری کر دیئے اور آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔