دنیا کے پہلے مرغ کی شکل جیسے ہوٹل نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام لکھوا لیا

نیگروس:(ویب ڈیسک ) آپ نے ہوٹلوں میں مرغ تو دیکھے ہوں گے اور کھائے بھی ہوں گے لیکن شاید آپ نے کسی ’مرغ‘ میں ہوٹل اب تک نہیں دیکھا ہو، یہ فلپائن میں دیکھا جاسکتا ہے۔

فلپائن کے ریزورٹ میں دنیا کی سب سے بڑی چکن نما عمارت ہے، اس مرغے کی شکل کے بنائے گئے ایک ہوٹل نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنالی، نیگروس آکسیڈینٹل میں واقع کیمپیوستوہان ہائی لینڈ ریزورٹ تقریباً 115 فٹ بلند ہے اور اس میں 15 ایئر کنڈیشنڈ کمرے ہیں۔

 ہوٹل کے مالک ریکارڈو کینو گوپو ٹین نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ ریزورٹ کی یہ عمارت سب کی توجہ کا مرکز بنے، اس  لیے میں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ میں نے کچھ ایسا بنانے کی ٹھان لی تھی جو عوام کی پذیرائی حاصل کرسکے۔

انہوں نے  کہا کہ  مرغ کی شکل کی تعمیر عمارت مقامی ثقافت کو بھی خراج تحسین پیش کرنے کے مترادف ہے۔

 انہوں نے کہا نیگروس اوکسیڈینٹل شہر میں  اصیل مرغوں کے کاروبار سے ملک کے لاکھوں افراد وابستہ ہیں اور اگر آپ مرغ کو دیکھیں تو وہ پرسکون، کمانڈنگ اور مضبوط نظر آتا ہے جو ہمارے لوگوں کے رویے کی عکاسی کرتا ہے۔

خیال رہے مرغ  ہوٹل جو 114 فٹ، 7 انچ لمبا ہے، اس کے مالک کو مرغ کی شکل میں سب سے بڑی عمارت بنانے پر گنیز ورلڈ ریکارڈ سے نوازا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں