کراچی : مبینہ پولیس مقابلہ، بدنام زمانہ منشیات فروش کاشف ڈاڈا کا قریبی ساتھی گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ منشیات فروش کاشف عرف ڈاڈا کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق بغدادی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں بدنام زمانہ منشیات فروش کاشف عرف ڈاڈا کے قریبی ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، ملزم سے ایک پستول بمعہ راؤنڈز، ایک موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ ملزم کی شناخت خالد محمود کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کاشف ڈاڈا بدنام زمانہ منشیات فروش کا منشی ہے، ملزم کاشف ڈاڈا کے مختلف منشیات کے اڈے چلاتا تھا، ملزم کاایک ساتھی عمیر عرف کلو اس سے قبل پولیس مقابلے میں مارا جا چکا ہے۔

پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم اس سے قبل قتل اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمہ میں گرفتار ہوکر جیل بھی جا چکا ہے، ملزم کو علاج و معالجہ کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں