غزہ میں جنگ بندی، آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے: شہباز شریف

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب میں غزہ و دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور لبنان کی صورتحال پر عرب و اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت دیگر سربراہان مملکت و حکومت، عرب لیگ اور او آئی سی کے اعلیٰ حکام شریک ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کے لیے پہنچے تو سعودی قیادت کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

عرب و اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر سعودی قیادت کے اقدامات قابل ستائش ہیں، غزہ پر اسرائیل جارحیت کی تمام حدیں پار کر چکا ہے، ہزاروں افراد شہید جبکہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھوک ، افلاس اور قحط نے غزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اسرائیل امداد کی بندش کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کر رہا ہے، نہتے فلسطینیوں کو بلاتعطل امداد کی فراہمی یقینی بنانا ہو گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں عالمی قوانین اور اقدار کی پامالیاں جاری ہیں، غزہ میں فوری جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے، غزہ سے متعلق عالمی عدالت انصاف نے بھی فیصلہ دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا، اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات سے امن کو خطرات لاحق ہیں، آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات پر بھی شدید تشویش ہے، اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر فوری پابندی عائد کی جائے، جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لایا جائے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں