نجی کالج کے حوالے سے جعلی ماں بن کر پراپیگنڈا کرنیوالی خاتون کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے نجی کالج کی طالبہ سے زیادتی کی افواہوں کا معاملہ، عدالت نے جعلی ماں بن کر پراپیگنڈا کرنیوالی خاتون کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
ملزمہ سارہ خان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمہ نے سوشل میڈیا پر متاثرہ طالبہ کی والدہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا، عدالت نے ملزمہ سارہ خان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کر دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی، تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمہ کا ایک موبائل فون ملتان سے برآمد کیا گیا ہے، دوسرا موبائل ابھی برآمد نہیں ہوا۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمہ کی ویڈیوز کی جانچ کیلئے آواز میچنگ ٹیسٹ اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کیا گیا ہے، موبائل کی برآمدگی کیلئے ملزمہ کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دوران جسمانی ریمانڈ ملزمہ صرف دن کی روشنی میں پولیس حراست میں رہے گی، اندھیرا ہونے سے پہلے روزانہ جیل منتقل کیا جائے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے ویڈیو بنا کر مبینہ زیادتی کا شکار لڑکی کی والدہ ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا، ملزمہ نے سوشل میڈیا پر ویوز لینے کی خاطر جھوٹی ویڈیو بنا کر اپ لوڈ کی۔
ملزمہ سارہ خان کیخلاف تھانہ گلبرگ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، پولیس کے مطابق ملزمہ نے افواہ پھیلا کر انتشار پھیلایا اور طلبہ میں اشتعال انگیزی اور خوف و ہراس پیدا کیا، ملزمہ کی وجہ سے نجی کالج میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی ہوئی۔