سپین: اولڈ ایج ہوم میں اگ لگنے سے 10 ذہنی معذور معمر افراد ہلاک
میڈریڈ: (ویب ڈیسک) سپین میں ذہنی معذوروں کے اولڈ ایج کیئر ہوم میں آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سپین کے ٹاؤن ولافرانکا ڈی ایبرو میں بزرگ افراد کیلئے ہوم کیئر قائم ہے جہاں ذہنی طور پر معذور عمر رسیدہ افراد کو رکھا جاتا ہے۔
ہوم کیئر میں 82 افراد رہائش پزیر تھے جہاں جمعہ کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے عمارت میں دھواں بھر گیا۔
آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری موقع پر پہنچ گیا جس نے آگ پر قابو پایا اور زخمیوں و لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں 10ا فراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور 2 ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، مرنے والوں کی عمریں فی الحال سامنے نہیں آئیں تاہم ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔