آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹس کا استعمال سکیورٹی رسک قرار

اسلام آباد: (حریم جدون) نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹس کو سکیورٹی رسک قرار دے دیا۔

نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ اے آئی چیٹ بوٹس کا پیشہ وارانہ اور ذاتی کاموں میں استعمال بڑھ گیا ہے،اے آئی ٹولز پیداواری صلاحیت اور انگیج منٹ کے لیے جدید حل پیش کرتے ہیں، چیٹ جی پی ٹی اور دیگر چیٹ بوٹس حساس معلومات سٹور کرتے ہیں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹس کے ساتھ ڈیٹا ایکسپوزر کے خطرات بڑھ گئے ہیں، اے آئی چیٹ بوٹس کے ساتھ بات چیت میں اکثر حساس معلومات شامل ہوتی ہیں، حساس معلومات جیساکہ کاروباری حکمت عملی یا ذاتی گفتگو لیک ہونے کا خدشہ ہے، چیٹ جی پی ٹی کے استعمال سے سوشل انجینئرنگ حملوں سے پیدا ہونے والے خطرات بھی شامل ہیں۔

نیشنل سرٹ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ سائبر کریمنلز چیٹ بوٹ کی شکل میں فشنگ کی تکنیک بھی استعمال کرتے ہیں، ایسی تکنیک سے صارفین کو دھوکے سے خفیہ معلومات افشاں کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے، اے آئی چیٹ بوٹس کے سائبر خطرات سے بچنے کیلئے مضبوط فریم ورک کی ضرورت ہے۔

صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اے آئی چیٹ بوٹس میں حساس ڈیٹا کے اندراج سے گریز کریں، صارفین اے آئی چیٹ بوٹس کے استعمال کے دوران چیٹ سیونگ فیچرز غیر فعال کریں، اے آئی چیٹ بوٹس کے استعمال کے دوران حساس معلومات پر مبنی گفتگو ڈیلیٹ کریں، ادارے مشکوک چیٹ بوٹ سرگرمیوں کو نوٹ کرنے کیلئے مانیٹرنگ ٹولز استعمال کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں