عدالتی معاملات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے: برطانوی وزیر خارجہ

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حراست اور پاکستان کی سیاسی صورتحال پر ممبران پارلیمنٹ کے خط کا جواب دے دیا۔

 

خط کے جواب میں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ ہم باقاعدگی سے ان اہم معاملات پر سینئر سطح پر بات چیت کرتے ہیں، پاکستان کے عدالتی معاملات داخلی معاملہ ہے لیکن عالمی قوانین کی پاسداری کی ضرورت ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان بنیادی آزادیوں اور فئیر ٹرائل کے حق کا احترام کرے، بانی پی ٹی آئی اور تمام پاکستانی شہریوں کے لیے شفاف اور منصفانہ عدالتی عمل ضروری ہے۔

اپنے جواب میں ڈیوڈ لیمی کا کہنا تھا کہ ہماری معلومات کے مطابق حکومت پاکستان کا فوجی عدالتوں میں بانی پی آئی کا مقدمہ چلانے کا ارادہ نہیں، ہمیں آزادی اظہار اور سیاسی مخالفین پر پابندیوں کے حوالے سے تشویش ہے، آزادی رائے اور بغیر خوف و جبر کے اجتماع کا حق جمہوریت کی بنیاد ہے۔

برطانوی وزیرخارجہ نے کہا کہ دفتر خارجہ کے متعلقہ وزیر نے پاکستان کے وزیر انسانی حقوق اعظم تارڑ کے ساتھ سول اور سیاسی حقوق کی اہمیت پر بات چیت کی ہے، پاکستان میں آئینی ترامیم کی منظوری پارلیمنٹ کا معاملہ ہے۔

ڈیوڈ لیمی نے آزاد عدلیہ کی اہمیت پر زور دیا، دفتر خارجہ کے وزیر کو دورہ پاکستان سے واپس آکر خط لکھنے والے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی ہدایت کی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں